موٹر وے پولیس نے بھی ٹریفک پولیس کی پیروی شروع کر دی

گجرات (جی پی آئی ) موٹر وے پولیس نے بھی ٹریفک پولیس کی پیروی شروع کر دی، سال ختم ہونے سے قبل ہی چالانوں کی بھرمار کر دی ، ضلع گجرات میں ہائی وے پر تعینات موٹر وے پولیس کے اہلکار بلا وجہ ٹرانسپورٹروں کے چالان کرتے نظر آتے ہیں ، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے سر عام گھومتے پھرتے ہیں ، غیر نمونہ نمبر پلیٹوں کے ساتھ ساتھ پلوشن پھلاتی ہوئی گاڑیاں جہاں پر نظر آتی ہیں ، وہاں پر فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر ہی سینکڑوں گاڑیاں جی ٹی روڈ پر سرے عام ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے نظر آتی ہیں ، جبکہ بلا وجہ تیز لائٹس کا استعمال بھی معمول بن چکا ہے ، مختلف جگہوں پر موٹر وے پولیس خفیہ وین کیمرے لگا کر صرف تیز رفتاری اور سیٹ بیلٹ کے چالان کرنا ہی اپنی ڈیوٹی سمجھتی ہے۔

موٹر وے پولیس کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہونے کی بجائے ٹریفک پولیس کی کارکردگی کے مترادف ہوگئی ہے ، کیونکہ ٹریفک پولیس اندرو ن اور بیرون شہر کو جانے والے راستوں پر ناکے لگا کر چالان کرنا ہی فرض سمجھتی ہے ، بڑی گاڑیوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا ، جس کی وجہ سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے واقعات کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوا ہے ، اور عام شاہرائوں پر ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے ، موٹر وے پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہم اعلیٰ حکام کی ہدایت پر کام کرتے ہیں ، لہٰذا ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کروانا اور غیر نمونہ پلیٹوں ، فٹنس سرٹیفکیٹ رکھنے والی گاڑیاں ، دھواں چھوڑتی گاڑیوں اور ٹریفک حادثات کا سبب بننے والی ٹریفک اور گاڑیوں کے خلاف آپریشن نہیں کر سکتے ، ہمارا کام حکومت کو چالان کے ذریعے زر مبادلہ کما کر دینا ہے ، ضلع گجرات کے سماجی حلقوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کیے جائیں اور چالان کو اہمیت دینے والے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے جو کہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سرانجام دینے کی بجائے عوام کو بلا وجہ تنگ کر رہے ہیں۔