میمو کمیشن کا اجلاس: آج یاسین ملک پیش ہوں گے

High Court

High Court

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) میمو تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس آج پھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گا۔ حسین حقانی نے کمیشن کے روبرو پیش ہونے سے انکار کرتے ہوئے وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرنے کی استدعا کی تھی۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک بھی کمیشن میں پیش ہوں گے۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ قاضی فائز عیسی کی سر براہی میں قائم کمیشن نے گزشتہ سماعت پر امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کو طلب کیا تھا تاہم حسین حقانی نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کمیشن کے روبرو پیش ہونے سے انکار کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ منصور اعجاز کی طرح ان کا بیان بھی وڈیولنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے کیونکہ پاکستان میں ان کی جان کو خطرہ ہے۔

منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حسین حقانی پیش ہونے کے پابند ہیں اور انکار پر انکے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے جا سکتے ہیں۔ دریں اثنا حسین حقانی کی وکیل نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ بھارت میں ہیں اس لیے درخواست کی سماعت موخر کی جائے۔

گزشتہ سماعت پر منصور اعجاز کی جانب سے چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک پر بھی الزامات عائد کیے تھے جن کا جواب دینے کیلئے وہ بھی آج کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔