ظہیرالاسلام نے ڈی جی آئی ایس آئی کا چارج سنبھال لیا

Zahirul Islam

Zahirul Islam

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام نے احمد شجاع پاشا کے ریٹائر ہونے کے بعد آئی ایس آئی کے نئے سربراہ کی حیثیت سے چارج سنبھال لیا۔ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے راؤ قمر سلیمان کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھال لیں۔

آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹرز میں سادہ تقریب ہوئی جس میں لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام نے آئی ایس آئی کی کمانڈ سنبھالی۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا آئی ایس آئی کے سربراہ کی حیثیت سے ریٹائر ہو گئے۔

دوسری جانب ائیر چیف کا چارج نئے سربراہ کو سونپنے کیلئے تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل راؤ قمر سلیمان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملکی دفاع کے لئیاہم خدمات سر انجام دیں، چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے ہوں گے۔ انہوں نے نئے کمانڈر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

راؤ قمر سلیمان نے پاکستان ایئر فورس کی کمان ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کے حوالے کی اوراعزازی شمشیر ان کو سونپی۔ فوج کے دستے نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کو سلامی پیش کی۔