نواز شریف سیاستدان ہیں جج بننے کی کوشش نہ کریں۔ رحمان ملک

Rehman Malik

Rehman Malik

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے عدالت نے وزیر اعظم کو نااہل قرار نہیں دیا۔ نواز شریف سیاستدان ہیں جج بننے کی کوشش نہ کریں۔ وہ وزارت داخلہ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزرات داخلہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا معاملہ ابھی تک اپیل کے مرحلے میں ہے لیکن میاں برادران ذاتی خواہشات پر توہین آمیر بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف توڑ پھوڑ کے لیے سرکاری وسائل استعمال کرکے بغاوت کے مرتکب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں بردارن کی بتیس ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ کے تمام ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔ میاں بردارن نے قوم کا اربوں روپیہ تندوروں اور لیپ ٹاپ میں جھونک دیا۔ اٹھارہ ہزار کا کمپیوٹر چونتیس ہزار کا خریدا گیا۔

اس سے قبل امن و امان کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت سمیت ملک بھر میں شیشہ بارز کو بند کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔ تمام ریسٹورنٹس رات گیارہ بجے بند کردیے جائیں گے جبکہ رہائشی علاقوں سے تمام ریسٹورنٹس بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ ایسے تمام غیرملکی جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے ان کے ویزوں کی توثیق ان کے اپنے متعلقہ ملکوں سے ہی ہوسکے گی۔