نور السلام انٹرنیشنل ہائی سکول وکالج چاہ بیری والا میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی

گجرات (جی پی آئی) نور السلام انٹرنیشنل ہائی سکول وکالج چاہ بیری والا میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی ، جس میں جماعت اہلسنت ناروے کے راہنما صوفی محمد رشید نے طلباء و طالبات میں جرسیاں تقسیم کیں ، تفصیلات کے مطابق نور السلام انٹرنیشنل ہائی سکول و کالج میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی ، جس کے مہمانِ خصوصی جماعت اہلسنت ناروے کے راہنما صوفی محمد رشید تھے ، انہوں نے اپنی طرف سے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں جرسیاں تقسیم کیں ، صوفی محمد رشید ہر سال اس سکول کے طلباء و طالبات میں اپنی گرہ سے جرسیاں ، یونیفارم و کتابیں تقسیم کرتے ہیں۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوفی محمد رشید نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے جو کچھ دیا ہے اس میں سے میں کوشش کرتا ہوں کہ ایسے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کروں جو کہ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کر سکتے ، نور السلام سکول و کالج کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، جو کہ علاقہ کی خدمت کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں حافظ حبیب اللہ چشتی کی خدمات قابل تحسین ہیں ، وہ علاقہ کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں ، میں آئندہ بھی سکول کے طلباء کی حوصلہ افزائی جاری رکھوں گا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل حافظ حبیب اللہ چشتی نے کہا کہ میں نے اوسلو سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے اور میں وطن کے ہونہار بچوں کی خدمت کیلئے وطن واپس آیا ہوں ، تاکہ میں ان بچوں میں ایسے شاہین بچوں کو پروان چڑھا سکوں جو اقبال کے خوابوں کی تعبیر بن سکیں ، اس سکول میں 800سے زائد طلباء و طالبات پڑھتے ہیں ، جن میں سے اکثر بلکل فری تعلیم حاصل کرتے ہیں ، صوفی محمدر شید نہ صرف ناروے میں پاکستانیوں کی خدمت کرتے ہیں بلکہ وہ ہر سال ہمارے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ، اس موقع پر طلباء نے تقریراور ملی نغمات پیش کیے۔