نیٹوسپلائی بحالی سے پاک امریکا مذاکرات کے کئی در کھل گئے، شیری رحمن

sheri rahman

sheri rahman

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) امریکا میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بحال ہونے سے کئی دیگر معاملات بھی حل ہونے کی امید ہے تاہم پاک امریکا تعلقات میں ابھی کئی اہم مراحل ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان نیٹو سپلائی بحالی کے فیصلے سے تعلقات کو کار آمد بنا سکتے ہیں۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کی بندش سے کئی اور معاملات رک گئے تھے اور نیٹو سپلائی بحالی میں رقم کی وصولی یا ایسی کوئی بات نہیں تھی، پاکستانی بہت مہمان نواز لوگ ہیں مگر پاکستانی عوام کو یہ بات پسند نہیں کہ انھیں کوئی حیثیت نہیں دی جائے۔

شیری رحمان نے زور دیا کہ چوبیس فوجی جوانوں کی ہلاکت کوئی معمولی بات نہیں تھی۔انھوں نے واضع کیا کہ القاعدہ کے زیادہ تر شدت پسند پاکستان کے تعاون کی وجہ سے ہلاک کئے گئے اور پاکستان ان تمام غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف لڑائی کرے گا جو پاکستان کے خلاف ہونگے۔

انھوں نے بتایا کہ پاک فوج کی فی الحال یہ ترجیح ہے کہ ان شدت پسندوں کا خاتمے کیا جائے جو سیکورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔شیری رحمان نے افغانستان کے استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔