حکومت نے بائیسویں آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کرلیا

zardari

zardari

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) حکومت نے 22 ویں آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے جمعرات کو ایوان صدر میں پیپلزپارٹی کی کورکمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں دوہری شہریت اور توہین عدالت کے بارے میں قانون سازی سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دوہری شہریت اورتوہین عدالت کے معاملے میں اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن سے مشاورت کی جائے گی۔اہم امور پر قانون سازی سے قبل اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کاعمل بھی اتفاق رائے سے طے کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی مفاہمت کی پالیسی جاری رکھے گی۔ اجلاس میں بائیسویں ترمیم لانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔

دوہری شہریت کے حامل شہریوں کوعام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت کا ترمیمی بل قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں پیش جائے گا۔ آئین کے آرٹیکل تیرسٹھ ون سی میں ترمیم کی جائے گی۔نئے بل میں نئی ترمیم کے مطابق دوہری شہریت کے حامل افرادعام انتخابات میں حصہ لینے کے اہل قرار پائیں گے۔

نئے قانون میں اس بات کو بنیاد بنایاگیا ہے کہ دنیا میں کئی ممالک دہری شہریت کے حامل اپنے شہریوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیتے ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ میں سولہ ممالک کے ساتھ پاکستان کا دوہری شہریت کے بارے مِں معاہد ہ ہے۔

ایوان صدر میں صدر زرداری کی جانب سے دیئے گئے عشایئے میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، سابق وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی، فریال تالپور، نذرمحمدگوندل ،مخدوم امین فہیم،چوہدری احمدمختار،مخدوم شہاب الدین، سنیٹررحمان ملک،اور دیگر سینیئر رہنماؤں نے شرکت کی۔