وزیراعظم، بابر اعوان توہین عدالت کیس، سماعت آج ہو گی

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر قانون بابراعوان کے خلاف الگ الگ توہین عدالت کیسوں کی سماعت آج پھر ہو گی۔

وزیراعظم توہین عدالت کیس میں یوسف رضا گیلانی کے وکیل اعتزاز احسن کے بعد نئے اٹارنی جنرل عرفان قادر استغاثہ کی جانب سے دلائل دیں گے۔ عدالت نے انہیں ہدایت کی تھی کہ استغاثہ کے وکیل کی حیثیت سے ان کا فرض ہے کہ وہ وزیراعظم کے خلاف جرم ثابت کرنیکی کوشش کریں اوراس اندازمیں دلائل دیں کہ وزیراعظم کو سزا دی جا سکے۔

دوسری جانب سابق وزیر قانون بابر اعوان توہین عدالت کیس جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اطہر سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ مقدمے کی سماعت کریگا۔ بابر اعوان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے گزشتہ سماعت میں موقف اختیار کیا تھا کہ جب ملزم غیر مشروط معافی مانگ لے تو توہین عدالت کے مقدمے کی کارروائی آگے نہیں بڑھائی جا سکتی۔ اس سلسلے میں انہوں نے پی سی او ججز کیس میں سپریم کورٹ کے سات رکنی بینچ کے فیصلے کا حوالہ دیا تھا۔