وزیراعظم سے شجاعت اور پرویز الہیٰ کی ملاقاتیں

gilani

gilani

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور سینئر وزیر چوہدری پرویز الہی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم ہاس میں ہونیوالی ملاقات میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مخلوط حکومت کی قیادت میں ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں اور اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ان کی جماعت ملک میں جمہوری عمل کی مضبوطی کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
اس موقع پروزیراعظم کا کہنا تھا کہ ق لیگ کی جانب سے تعاون محترمہ بے نظیر بھٹو کی دی ہوئی مفاہمت کی پالیسی کا اظہار ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ سیاسی قیادت، سول سوسائٹی اور میڈیا نے گھنانے جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے فوجی عدالتیں واحد آپشن کے طور پر دوبارہ متعارف کرنے کی تجویز کو رد کر دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت میں فوجی عدالتوں کی گنجائش نہیں جبکہ آزاد عدلیہ آئینی حدود کے اندر کام کررہی ہے۔ جمہوری پاکستان ایک مہذب ملک ہے اور ایک اہم لیڈر کی جانب سے فوجی عدالتوں کی بات قابل افسوس اور پاکستانی عوام کیلئے ناقابل قبول بھی ہے۔