وزیراعظم کا انتخاب، قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا

national assembly

national assembly

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) صدر مملکت آصف زرداری نے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کیلیے آج قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ قومی اسمبلی میں ملک کے پچیسویں وزیر اعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔ آئین کے قوائد بتیس اور تینتیس کے مطابق اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا ۔

آج اجلاس کا ایک نکاتی ایجنڈا ہوگا جس میں صرف نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔ قومی اسمبلی میں ڈویژن یعنی تقسیم کی بنیاد پر ووٹنگ کا عمل ہوگا ۔اس طریقہ کار کے تحت قومی اسمبلی میں دو لابیوں کو ووٹنگ کے لیے مخصوص کیا جائے گا ۔ امیدوار اپنے اپنے امیدوار کے حق میں دو مختلف لابیوں میں جائیں گے جہاں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا عملہ ارکان کے ناموں کا اندراج کرے گا ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی جائے گی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جیتنے والے امیدوار کے نام اور حاصل کردہ ووٹوں کا اعلان کیا جائے گا اس طرح نئے وزیر اعظم کا انتخاب مکمل ہوگا ۔

نئے وزیر اعظم ممکنہ طور پر ایوان میں پہلی تقریر بھی کریں گے جس کے بعد نومنتخب وزیر اعظم ایوان صدر جاکر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ تین سو بیالیس رکنی ایوان میں قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے ایک سو بہتر ووٹوں کا حصول لازمی ہے ۔