وزیر اعظم کیخلاف فیصلہ، پی پی کا نئی حکمت عملی کا عندیہ

Gilani

Gilani

پاکستان : (جیو ڈیسک) پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم کے خلاف نااہلی ریفرنس بارے اپوزیشن کے مطالبے کے جواب میں نئی قانونی حکمت عملی کا عندیہ دیدیا۔ وزیراعظم کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ نامکمل الیکشن کمیشن کے باعث سپیکر الیکشن کمیشن کو اپنے فیصلے سے آگاہ ہی نہیں کر سکیں گی۔

پیپلز پارٹی نے پید اشدہ بحران میں آئندہ اقدامات کے لئے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا ہے اور قانونی طور پر نامکمل الیکشن کمیشن کو وزیراعظم کے خلاف سپیکر کو کوئی بھی فیصلہ کر کے آگے بھجوانے میں رکاوٹ قرار دیدیا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور قانونی ٹیم کے ممبر فواد چودھری ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ آرٹیکل تریسٹھ دو کے تحت چیف الیکشن کمشنر کو اراکین پارلیمنٹ کی اہلیت جانچنے کا اختیار نہیں بلکہ یہ اختیار الیکشن کمیشن کو حاصل ہے سپیکر اہلیت کے متعلق فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کو نہیں قانونی طور پر الیکشن کمیشن کو بھیج سکتا ہے کیونکہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن قانونی طور پر مختلف ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی ہٹ دھرمی کے باعث الیکشن کمیشن مکمل نہیں اس لئے وزیر اعظم کے خلاف سپیکر کوئی بھی فیصلہ الیکشن کمیشن کو نہیں بھیج سکیں گی۔