وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے لاہور کو ڈبو دیا

Lahore rain

Lahore rain

لاھور (جیوڈیسک) وقفے وقفے سے ہو نے والی بارش نے لاہور کو ڈبو دیا، شہریوں کو کئی کئی فٹ پانی کے حوالے کر کے سرکاری اہلکار چین کی نیند سوتے رہے۔لاہور میں شام سے شروع ہو نے والی موسلا دھار بارش سے مختلف علاقوں میں سڑکیں نہر کا منظر پیش کرتی رہیں۔ ڈیوس روڈ، جیل رو ڈ، ایبٹ روڈ، میکلو ڈ روڈ، نسبت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر تین سے چار فٹ تک پانی کھڑا ہو گیا۔ دن کے کام کاج کے بعد گھروں کا رخ کرنے والے شہری رات گئے تک پانی اترنے کا انتظار کرتے رہے۔ بارش کے پانی میں موٹر سائیکل اور گاڑیاں بھی پھنس گئیں۔ گاڑیوں کو دھکا لگا کر اسٹارٹ کرنے کی کوششیں بھی کسی کام نہ آئیں۔

شہرکی سڑکوں پر ٹریفک وارڈن کہیں نظر آیا نہ واسا کا عملہ اپنے فرائض سنبھالنے پہنچا جس سے کئی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں کو ان کے حال پر چھوڑ کر حکومتی رہنما اور سرکاری افسر اپنی رہائش گاہوں میں ہی بیٹھے رہے۔ مختلف علاقوں میں بجلی بند ہونے سے لوگ اندھیرے میں ہی ٹھوکریں کھاتے رہے۔ بارش نے لاہور کی انتظامیہ کے تمام دعووں کا پول کھول کر رکھ دیا۔