پانی چوری کی روک تھام اورحفظان صحت کے مطابق فراہمی آب کے ترسیلی نظام کو یقینی بنا یا جائے۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی (ارشد محمد) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کا چیف آفیسر کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون میں واٹر پمپنگ اسٹیشن کا اچانک دورہ فراہمی آب کی ترسیلی نظام کا معائنہ ،علاقوں میں ترسیل کئے جانے والے پانی کی سپلائی ٹینک میں پانی کو چیک کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران اور پمپنگ اسٹیشن پر علاقوں میں پانی کی ترسیل پر مامور ذمہ دران کو ہدایت کی کہ حفظان صحت کے مطابق علاقوں میں پانی کی ترسیل کو یقینی بنا یا جائے ،پانی کی چوری اور غیر قانونی کنکشن کی روک تھام کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ علاقائی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ بلا تفریق تمام علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ فراہمی آب کے ترسیلی نظام کو درست بنایا جائے اور مکمل نگرانی میں تمام علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی ترسیل کو یقینی بنا یا جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نیموقع پر موجود سپرٹینڈنگ انجینئر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شاہ فیصل ٹائون محمد زاہد کو ہدایت کی کہ تمام علاقوں کا سروے کرا کر فراہمی آب کی لائنوں کی لیکجز کی درستگی کو یقینی بنا یا جائے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے عوامی شکایات کا بروقت فوری
ازالہ ممکن بنا یا جائے۔

اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون گلیوں اور محلوں کے سطح پر جاری علاقائی ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنا نے کے ساتھ عوام کو پانی اور سیوریج کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے بتا یا کہ نیگلیریا جرثومہ کے خاتمے اور اس سے عوامی زندگی کو محفوظ بنا نے کے لئے حفظان صحت کے مطابق پینے کے صاف پانی کی ترسیلی نظام کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

چیف آفیسر کمال مصطفی نے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو بتا یا کہ فراہمی آب کی ترسیلی نظام کی درستگی کو یقینی بنا نے کے لئے پانی چوری کی روک تھام اور غیر قانونی فراہمی و نکاسی آب کے کنکشن لینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا آغاز کردیا گیا شاہ فیصل ٹائون کی حدود میں غیر قانونی فراہمی و نکاسی آب کے کنکشن لینے والوں کے خلاف عوامی سہولتوں کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی ۔