پاکستان نے بنگلہ دیش کو اکیس رنز سے شکست دیدی

Pak win

Pak win

ڈھاکا : (جیو ڈیسک) ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد اکیس رنز سے شکست دے کے ایشیا کپ میں اپنی کامیابی کا آغاز کردیا ہے ۔ ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے میزبان بنگلہ دیش کو جیت کیلئے دو سو تریسٹھ رنز کا ہدف دیا تھا۔بنگلہ دیش کی ٹیم دوسو اکتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔

ڈھاکا میں کھیلے جارہے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ایک سو پینتیس رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ محمد حفیظ نواسی اور ناصر جمشید چون رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستان کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں، عمر گل نے سرفراز احمد کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں ترپن رنز اسکور میں جوڑے۔ مقررہ اوورز میں پاکستانی ٹیم آٹھ وکٹوں پر دو سو باسٹھ رنز بنا سکی۔ عمر گل نے انتالیس رنز بنائے ۔ شہادت حسین نے تین اور شکیب الحسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے زیادہ کامیاب بیٹسمین تمیم اقبال اور شکیب الحسن رہے دونوں نے چونسٹھ چونسٹھ رنزبنائے۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل نے تین وکٹیں لیں ۔ محمد حفیظ ،شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔