پاکستان نے بین الاقوامی سیاست کی بڑی قیمت ادا کی

Gilani

Gilani

پاکستان : (جیو ڈیسک) وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ نے پاکستان اور خطے پر برے اثرات مرتب کئے۔ پاکستان نے بین الاقوامی سیاست کی بڑی قیمت ادا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہے۔ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں اس سال پاکستان کی شرح نمو میں اضافہ ہوا۔

چین میں باؤ فورم کے بارہویں اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایشیا میں اقتصادی ترقی کا فروغ چاہتاہے، جس کیلئے گیس پائپ لائن پراجیکٹ اور بھارت سے تجارت کیلئے اقدامات کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اقتصادی بحران اور تیل کی بڑھتی قیمتوں سے پاکستان کی معیشت متاثر ہوئی لیکن حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان کی شرح نمو میں اضافہ ہوا۔

وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ ملک میں سیلابوں کے باعث اور پڑوس میں جنگ کے باعث پاکستان کو بھاری نقصانات ہوئے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے اسٹریٹجک تعلقات اہم ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دیں۔