پاکستان کے سیاسی انتشار کو بھارت کمزوری نہ سمجھے ، روشن پاکستان پارٹی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کے اندرونی سیاسی انتشار کو کمزوری یا پاکستان کیخلاف سازش یا مہم جوئی کیلئے مناسب وقت سمجھنے کی حماقت بھارت کو بہت مہنگی پڑسکتی ہے۔ یہ بات روشن پاکستان پارٹی ( محب وطن ) کے چیئرمین امیر پٹی نے روشن پاکستان مرکز پر نوجوانوں کی نمائندہ تنظیم ”نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن ” کے وفد سے ملاقات کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان پر کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی الزام تراشی اور پاکستان کیخلاف کاروائی کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وائس چیئرمین اسلم خان اور نائب صدر یونس سایانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ چیئرمین روشن پاکستان پارٹی (محب وطن) نے کہا کہ بھارت ، امریکہ اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ اور سازشوں سے پاکستان میں دہشت گردی ، سیاسی رسہ کشی اور عدم استحکام ضرور پیدا ہوا ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ پاکستان اتنا کمزور ہو چکا ہے یا اس کے محافظ و عوام اس قدر غافل ہیں کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد پر عملدر آمد کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پوری طرح تیار ، چاک و چوبند اور جوش و جذبے سے لیس ہیں جبکہ پاکستان کا ہر مرد و زن ، بوڑھا ، بچہ و جوان وطن عزیز کی حرمت و تقدیس کیلئے مرمٹنے اور مٹانے کیلئے تیار ہے اسلئے بھارت ہوش کے ناخن لے اور پاکستان کیخلاف سازشیں کرنا اور دھمکیاں دینا بند کرے۔