جمہوری نظام کیلئے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں ، جی کیو ایم

کراچی ( پ ر ) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بد امنی اور ایک خاص طبقے کے افراد کے قتل کی روایت کے ساتھ دو دھماکوں میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت انتہائی افسوسناک و تشویش انگیز ہے مگر اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات دہشت گردی کا شکار افراد کی میتوں کے ساتھ ان کے لواحقین کا کوئٹہ میں کئی روزہ دھرنا اور ان سے اظہار یکجہتی کے طور پر ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں ، دھرنوں اور احتجاج کے باوجود حکومت کی جانب سے اس مسئلے کے حل میں تاخیر تشویشناک ہے۔

جس کی وجہ سے بلوچستان میں گورنر راج کی آوازاٹھی اور پھر اس مطالبے کو ملک بھر کی سیاسی قوتوں کی اس قدر حمایت حاصل ہوئی کہ حکومت بلوچستان میں گورنر راج کے اعلان پر مجبور ہوئی۔

یہ اَمر متاثرین کا مطالبہ اور وقت کا تقاضہ ضرور ہے مگر جمہوریت اور جمہوری نظام کیلئے خطرات کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ جمہوریت دشمن حلقے کوئٹہ جیسی صورتحال کے ذریعے سندھ میں گورنر راج یا فوج بلانے کے مطالبے کے ذریعے حکومت کو وقت سے قبل گھر بھیج کر جمہوری نظام ڈی ریل کرنے کے اسباب پیدا کر سکتے ہیں۔