پاکستان کے نظریاتی تشخص کو تباہ کرنے کی سازش ہو رہی ہے ، غلام رسول راشدی

بھمبر ( ڈسٹر کٹ رپورٹر)جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ مولانا غلام رسول راشدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے نظریاتی تشخص کو تباہ کرنے کی سازش ہو رہی ہے عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت سے اس کی طاقت چھیننے کی کوشش ہو رہی ہے ۔ملک میں معاشی بحران کو فروغ دے کر عوام کو مایوسیوں کی گہرائیوں میں دھکیلا جا رہا ہے۔ان سازشوں کا واحد حل یہی ہے کہ علماء اکرام قرآن مقدس کی دعوت کو عام کریں لوگوں کی ایسی تربیت کریں کہ وہ امریکہ بہادر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہ سکیں ہم کسی کو نبی پاک صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بھمبر کے زیر اہتمامعلماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع بھمبر ڈاکٹر ریاض احمد مرزا نے کی ۔موجودہ حالات اور علماء کی ذمہ داریاں کے عنوان سے ہونے والے اس علماء کنونشن میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء انجنئیر محمد خالد خان جمعیت اتحاد العلما ء پاکستان آزاد کشمیر کے صدر مولانا عبدالقادر ندیم مرکزی جامع مسجد کے خطیب مولانا امین الدین جامع مسجد حنفیہ کے خطیب پروفیسررشید احمد قاسمی سنی ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد صدیق ،مولانا عبدالغفور تابانی ،راجہ بدر حسین ایڈووکیٹ ،چوہدری امجد یوسف اور فرید احمد نے بھی خطاب کیا ۔مولانا غلام رسول راشدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشتراکی نظام کے خاتمے کے بعد سرمایہ دارانہ نظام بھیی دم توڑ رہا ہے ۔

دنیا کا مستقبل آفاقی دین اسلام سے وابستہ ہے ۔بس علماء کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہونگی۔اپنے منصب کو پہچاننا ہو گا اور ایک ایسی قوم تیار کرنا ہو گی جو قرآن کی عاملگیر پالیسیوں کے مطابق نظام عدل ،نظام معیشت تشکیل دے سکے ۔اگر علماء نے ایسا کر لیا اور اقتدارحاملین قرآن کے پاس آگیا تو صرف 5 سال میں غربت مٹ جائے گی ۔لوگوں کو انصاف میسر آئے گا اس موقع پر مختلف قرار دادیں بھی منظور کی گئیں جس میں فحاشی و عریانی کے خلاف اقدامات کرنے پر زور دیا گیا جبکہ ناموس رسالت کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا گیا اور گستاخانہ اقدامات کی سپورٹ کرنے والے ممالک سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔