پراسرار خاتون پر بھارتی اولمپک دستہ ناراض۔

 

indian london olympic 2012

indian london olympic 2012

 
یہ خاتون نیلے رنگ کے ٹرازر اور سرخ رنگ کی قمیص پہنے ہندوستانی دستے کی قیادت کرنے والے ریسلر سوشیل کمار کے ساتھ ساتھ چل رہیں تھیں۔

لندن اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں ہندوستانی اولمپکس دستے کے آگے ایک سرخ رنگ کے کپڑوں میں ملبوس خاتون کا اچانک نظر آنا ایک معمہ بنا ہوا ہے جس پر ہندوستانی دستے کے سربراہ کچھ زیادہ خوش نہیں ہیں۔

ہندوستانی اولمپکس دستے کے منتظمین سرخ کپڑوں میں ملبوس اِس خاتون کو تلاش کر رہے ہیں جو کہ جمعہ کے روز ہونے والی افتتاحی تقریب میں دستے کے آگے چلتی ہوئی دکھائی دیں۔

یہ خاتون جنہوں نے نیلے رنگ کا ٹرازر اور سرخ رنگ کی قمیض پہنی ہوئی ہے دستے کے آگے ہندوستان کا جھنڈا اٹھانے والے ریسلر سوشیل کمار کے ساتھ ساتھ چلتی نظر آئیں۔

ان کا سرخ لباس انہیں باقی کھلاڑیوں سے ممتاز کر رہا تھا جو کہ پیلے رنگ کی ساڑھیوں اور نیلے رنگ کے کوٹ پہنے ہوئے تھے۔

ہندوستان جو پہلے ہی افتتاحی تقریب کی نشریات میں کم وقت ملنے پر ناراض ہے نے لندن اولمپکس کی انتظامی کمیٹی سے اس معاملے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہندوستان کے دستے کے سربراہ پی کے ایم راجہ نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ان کے کھلاڑی یہ سمجھتے رہے کہ یہ خاتون انتظامیہ کا حصہ ہیں۔

یہ بہت عجیب بات تھی اور ہم اس پر معافی کا مطالبہ کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں ہندوستان کا دستہ پہلے ہی صرف دس سیکنڈز کے لیے دکھایا گیا تھا اور اس پر ساری توجہ اِن خاتون نے اپنی طرف مرکوز کروا لی۔

ہندوستان کے اسی کھلاڑی لندن اولمپکس میں حصہ لے رہے ہیں جن میں سے انہیں تیراندازی ،باکسنگ، بیڈمنٹن، نشانہ بازی، ٹینس اور ریسلنگ میں تمغوں کی امید ہے۔