پرامن انتقال اقتدار کی خواہش تھی، یوسف رضا گیلانی

gilani

gilani

لاہور : (جیو ڈیسک) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ان کی خواہش تھی کہ اسپیکر اور پارلیمنٹ انہیں نااہل قراردے مگر ان کی توثیق کر کے اٹھارہ کروڑ عوام کی طرف سے عزت عطا کی گئی، وہ کامیاب ہوئے۔

وزیر اعظم کی حیثیت اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل ہونے کے بعد لاہور ایئر پورٹ پر پہلی بار میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پرامن انتقال اقتدار ان کی خواہش تھی جو پوری ہوئی کہ نئے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں وہ سابق وزیر اعظم کی حیثیت سے شریک ہوئے، ان کے اعزاز میں الوداعی اعشائیہ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ 31 سال سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہورہے ہیں، اورانہوں نے اپنی پوری زندگی پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے گزار دی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ پارلمنٹ اور سپیکرانہیں نااہل قرار دیں لیکن دونوں اداروں نے ان کی توثیق کی جو کہ 18 کروڑ عوام کی طرف سے انہیں دی گئی عزت ہے، اس لیے وہ خود کو کامیاب سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ صاف شفاف انتخابات ان کی خواہش ہے کہ جس کو زیادہ ووٹ ملیں وہی پارٹی وزیر اعظم منتخب کرے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کو اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرنی چاہئے ، وزیر اعظم آتے جاتے رہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ نے نہیں مانا لیکن انہوں نے تو مانا ہے۔