پنجاب ، اسپتالوں میں آرمی ڈاکٹرز نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

Army doctors

Army doctors

لاہور : (جیو ڈیسک) پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں پاک فوج کے ڈاکٹرز نے ذمہ داریاں سنبھالنا شروع کر دی ہیں جس کے بعد او پی ڈیز کھلنا شروع ہو گئی ہیں۔

لاہور کے میو اور سروسز اسپتال میں پاک فوج کے ڈاکٹرز پہنچ گئے ہیں جنہوں نے سینئرز ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر او پی ڈیز کی ذمہ داریان سنبھال لی ہیں تاہم مریضوں کے مطابق ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے مسلسل 14دن ہڑتال پر رہنے کے بعد حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں یہ انتظامات ناکافی ثابت ہورہے ہیں۔

اسپتالوں میں مریضوں کا رش لگا ہوا ہے جبکہ ایمرجنسی وارڈز پہلے سے ہی دباو کا شکار ہیں۔ راول پنڈی کے سرکاری اسپتالوں کے او پی ڈیز میں بھی علاج معالجہ کا سلسلہ جاری ہے اور طلب کئے گئے فوجی ڈاکٹرز ڈیوٹی پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں ۔

راول پنڈی میں بینظیر بھٹو اسپتال، ہولی فیملی اسپتال اور ڈی ایچ کیو اسپتال میں سینئر ڈاکٹرز نے آوٹ ڈور وارڈز میں مریضوں کا علاج معالجہ شروع کررکھا ہے ، فوج کی طرف سے تینوں اسپتالوں میں پانچ ، پانچ ڈاکٹرز کو بھیجا گیا ہے جنہوں نے وہاں پہلے سے موجود ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر کام شروع کردیا ہے۔

اسپتالوں میں پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی ہے ، بینظیربھٹو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آصف قادر میر نے بتایاہے کہ ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز میں سے بعض کے والدین نے رابطہ کیا ہے ، جس سے ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز کے ڈیوٹی پر واپس آنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ ادھر ملتان اور بہالپور کے سرکاری اسپتالوں میں بھی پاک فوج کے ڈاکٹرز نے سینئرز کے ساتھ مل کر ذ،مہ داریاں ادا کرنا شروع کر دی ہیں۔