پنجاب حکومت کی کوششیں رائیگاں، خسرہ مزید 9 جانیں لے گیا ، ہلاکتیں116 ہوگئیں

Lahore

Lahore

لاہور(جیوڈیسک) محکمہ صحت پنجاب کے دعوے جھوٹے نکلے۔ ہسپتالوں میں خسرے کے شکار معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں آج 9 ماں کی گودیں اجڑ گئیں۔ پنجاب میں خسرے سے ہلاکتوں کی تعداد ایک سو سولہ تک جاپہنچی ہے ۔لاہور میں ماں کی گود یں اجڑنے کا سلسلہ تیز ہوگیاہے۔ ننھے پھول خسرے کے نشانے پرہیں اور محکمہ صحت کے حکام ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں خسرے کی وبا کے خلاف حکومتی اقدامات کہیں بھی نظر نہیں آرہے۔

موذی بیماری کے خلاف بچوں کو دی گئی ویکسینیشن سے اب تک خاطرخواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔ سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں معصوم بچوں کی جان لینے کے بعد خسرے نے لاہور میں مستقل ڈیرے ڈال لئے ہیں۔آج بھی لاہور میں خسرے کیو جہ سے مزید 9 بچے موت کے منہ میں چلے گئے جن میں پانچ بچے چلڈرن اسپتال تین بچے میو ھسپتال جبکہ ایک بچہ جناح ھسپتال میں زیر علاج تھا۔

محکمہ صحت کے حکام کاکہنا ہے کہ بچوں کو لگائی گئی ویکسین کے اثرات دو سے تین ہفتہ میں سامنے آئیں گے اور مئی کے آخر تک لاہور میں خسرے کے مریضوں اوراموات میں کمی آجائے گی۔