پکاسو کا فن پارہ برطانیہ سے جاسکتا ہے

picasso

picasso

لندن : (جیو ڈیسک ) مشہور مصور پیبلو پکاسو کی برطانیہ میں ستر کی دہائی سے نمائش کے لیے رکھی گئی ایک پینٹنگ کو اب فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ فروخت کے بعد خدشہ ہے کہ یہ فن پارہ برطانیہ میں نہیں رہے گا۔ پیرس میں سنہ انیس سو ایک میں تیار کی جانے والی یہ پینٹنگ ایک پچے کی ہے جس نے اپنے ہاتھوں میں ایک فاختہ کو پکڑ رکھا ہے اور نیچے ایک رنگ برنگی گیند رکھی ہے۔
یہ پینٹنگ ویلز کے ایک خاندان ایبرکونوے کی ملکیت ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس کی مالیت پانچ کروڑ پاؤنڈ ہے۔ یہ فن پارہ پکا سو کا ابتدائی کام ہے اور اس کو انہوں نے انیس سال کی عمر میں بنایا تھا۔ اس فن پارے کو ٹیٹ بیٹن میں دیکھا جا سکتا ہے جہاں پکاسو کے فن کی نمائش ہورہی ہے۔ نیلام گھر کرسٹی نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو فن پارے کا گاہک تلاش کرنے کو کہا گیا ہے۔
آرٹ کونسل انگلیند نے بھی اس پینٹنگ کی فروخت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
ستر کی دہائی میں اس پینٹنگ کو لندن کی نیشنل گیلری کو ادھار دیا گیا تھا اور گزشتہ سال کولٹولڈ گیلری میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔
تاہم اب خیال کیا جارہا ہے کہ بر طانیہ میں کوئی بھی آرٹ گیلری اس کی بولی کی بھاری قیمت ادا نہیں کر سکتی ہے۔