پہلی بزنس ٹرین کا لاہور سے کراچی سفر

Train

Train

نجی شعبے کی طرف سے چلائی جانے والی پہلی بزنس ٹرین لاہور سے کراچی پہنچ گئی ہے، سفر اٹھارہ گھنٹے میں طے ہوا۔
ائرکنڈیشنڈ بزنس ٹرین میں کھانا، ناشتہ  اور ہائی ٹی بھی مہیا کی گئی جبکہ اس میں ڈاکٹر کی سہولت بھی موجود ہے۔ بزنس ٹرین کے سفر کی خاص بات یہ رہی کہ لاہور سے  مقررہ وقت سے پانچ منٹ قبل روانہ ہوئی جس کو وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی  نے سبز جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ راستہ میں مختلف جگہ ریلوے لائن کی مرمت کے باعث ٹرین کو رکنا پڑا اس کے باوجود ساڑھے نو کے مقررہ وقت سے صرف پندرہ منٹ لیٹ ہوئی۔
ٹرین کی تزئین آرائش کے اوپر بیس کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے گئے ہیں۔ مسافروں کیلئے کراچی اور لاہور کینٹ اسٹیشنز پر خصوصی ویٹنگ روم بنائے گئے ہیں۔ ریلوے کے وی آئی پی روم بھی نجی شعبے کے حوالے کردیئے گئے ہیں۔ ٹرین کے دو ٹیکنیکل اسٹاپ خانیوال اور روہڑی ہونگے۔ بزنس ٹرین کے مسافروں کو دو وقت کا کھانا بھی فراہم کیا جائیگا۔ بزنس ٹرین کیلئے بوگیاں، قراقرم ایکسپریس، نائٹ کوچ، خیبر میل اور تیز گام سے حاصل کی گئی ہے،جن کی ائرکنڈیشنڈ بوگیوں کی تعداد کم کردی گئی ہے۔