پیٹرول اور سی این جی کی قیمتوں میں کمی

Petrol Pump

Petrol Pump

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) ہفتہ کی رات بارہ بجے سے پیٹرول اور سی این جی سستی ہوجائیں گی۔ پیٹرول کی قیمت میں اٹھارہ فی صد کمی کی گئی ہے جبکہ سی این جی پانچ فی صد تک سستی کی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 18فیصد اور سی این کی قیمت میں پانچ روپے تک کمی کے نوٹیفیکیشن جاری کردیئے گئے ہیں۔

اوگرا کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 5 روپے 2 پیسے فی لیٹر کم کرکے چوراسی روپے انچاس پیسے مقرر کی گئی ہے ۔ ہائی آکٹین کی قیمت 6 روپے44 پیسے فی لیٹر کم کرکے ایک سو چھ روپے اٹھتر پیسے مقرر کی گئی ہے ۔ ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت 2 روپے 48 پیسے کمی کے بعد ستانوے روپے اکیس پیسے ہوگئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 86 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت 2روپے 54 پیسے کی کمی کی گئی ۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوگا۔ حکومت نے مسلسل دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی ہیں۔ سی این جی کی قیمت میں پانچ روپے تک کمی کی گئی۔ سندھ اور بلوچستان میں سی این جی کی قیمت چار روپے ستاون پیسے کم کرکے ستر روپے چھیاسٹھ پیسے مقرر کردی گئی جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں سی این جی 4روپے 59پیسے کم کرکے ستتر روپے چھتیس پیسے مقرر کی گئی ہے۔