پیپلز پارٹی آمدہ الیکشن میں بھی کلین سویپ کرے گی، راؤ نعیم ہاشم ، صفدر شاہ

لاہور(نیوز رپورٹرر)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق جسٹس رائو نعیم ہاشم اور سید صفدر رضاء شاہ نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے 8 ترقی پذیر ممالک کے فورم ڈی ایٹ کی صدارت سنبھالنا پاکستان کے لیے باعث افتخار ہے ،ڈی ایٹ کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آمدہ الیکشن میں بھی کلین سویپ کرے گی تاہم اس کے لیے پارٹی ورکرز مقامی سطح پر پنجاب کے موجودہ حکمران ٹولے کی کارفرمائیوں سے لوگوں کو آگاہ کریں اور انہیں بتائیں کہ تھانے کچہری کی سیاست پیپلز پارٹی کا مطمع نظر نہیں بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے ملک کو آئین فراہم کیا۔

تھانے ،کچہریوں کی سیاست کرنے والے عوام کو چکر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام سے روٹی تک چھین لی گئی ہے اور عوام کا اربوں روپیہ سستی روٹی میں جھونک دیا گیا اور اب حال یہ ہے کہ سستی تو دور کی بات روٹی بھی دستیاب نہیں پنجاب کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اب عوام کو بے وقوف بنانا چھوڑ دیں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔