پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل میں انتخابی معاہدہ ہو گیا

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی اورسنی اتحاد کونسل میں انتخابی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا، دونوں جماعتیں مل کرانتخابات میں حصہ لیں گی۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں قمرزمان کائرہ اورمیاں منظور وٹو نے لاہور میں سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفترمیں صاحبزادہ فضل کریم اورحاجی حنیف طیب سے ملاقات کی جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان انتخابات میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

وفاقی وزیراطلاعات قمرزمان کائرہ نے مزاکرات کے بعد بتایا کہ آئندہ انتخابات کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل کے لیے دونوں جماعتوں کی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ اس موقع پر موجود وفاقی وزیرمیاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور سنی اتحاد کونسل کے عزائم ایک ہیں اس لئے دونوں جماعتیں مل کرالیکشن میں حصہ لیں گی۔

مذاکرات کے بعد صاحبزادہ فضل کریم نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا تھاکہ دہشتگردی، انتہاپسندی کے خلا ف سوچ رکھنے والی جماعتوں کا گرینڈ الائنس بنایا جائے گا۔ ق لیگ اور پیپلزپارٹی کے بعد اس میں مزید جماعتوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔