پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کو تمام حقوق فراہم کیے۔ وزیراعظم

Gilani

Gilani

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اقلیتوں کو تمام حقوق فراہم کیے ہیں۔ اسلام آباد میں شہباز بھٹی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شہباز بھٹی کی ملک کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ توہین رسالت سمیت تمام قوانین پاکستان میں موجود ہیں جن پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علما توہین رسالت کے درست استعمال پر متفق ہیں۔ انہوں نے شہباز بھٹی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی خاطر جان کی قربانی دی۔

وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہباز بھٹی تک پارٹی کی قیادت نے ملک اور عوام کے لیے قربانیاں دیں۔ اقلیتوں کے لیے سینیٹ میں چار نشستیں مخصوص کیں اور ملازمتوں میں ان کا کوٹہ بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال قائم کی۔