پی ایس او بورڈ آف مینجمنٹ کی واجب الادا رقوم میں اضافہ

pso

pso

کراچی : (جیو ڈیسک) پاکستان اسٹیٹ آئل کے بورڈ آف مینجمنٹ کا اجلاس پی ایس او ہاؤس کراچی میں ہوا جس میں اکتیس مارچ کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی کے دوران کمپنی کی کار کردگی کا جائزہ لیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق پی ایس او نے آٹھ سو تریسٹھ ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران چھ سو تریسٹھ ارب روپے تھا۔ اس طرح پاکستان اسٹیٹ آئل کے ریونیو میں تیس فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

قومی ادارے نے مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں نو ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جبکہ مالی سال دو ہزار گیارہ کی تیسری سہ ماہی میں بعد از ٹیکس منافع نو ارب چھبیس کروڑ روپے تھا۔ بورڈ آف مینجمنٹ کے ارکان نے کمپنی کی بڑھتی ہوئی واجب الادا رقوم پر تشویش کا اظہار کیا جو اکتیس مارچ کو ایک کھرب اکیانوے ارب روپے تھیں۔ پی ایس او انتظامیہ واجب الادا رقوم کے حصول کے لیے آئی پی پیز اور حکومت پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اس مسئلے کا کوئی حل نکالا جاسکے۔