ڈیو واٹمور پاکستان ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ ہونگے، انتخاب عالم

dav whatmore

dav whatmore

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تلاش کیلئے قائم کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم نے تصدیق کردی ہے کہ ڈیو واٹمور پاکستان ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ ہونگے۔ وقار یونس کے مستعفی ہونے کے بعد محسن خان کو عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا اور انکی زیرنگرانی پاکستان ٹیم کی کار کردگی متاثرکن رہی ہے۔

سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم نے کہا کہ ہیڈ کوچ کے معاہدے پر دستخط کیلئے ڈیو واٹمور مارچ کے پہلے ہفتے میں پاکستان آئیں گے۔ ابھی واٹمورکی آمد کی حتمی تاریخ کا علم نہیں۔ وہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ سے ذمہ داری سنبھال لیں گے۔

بطور کوچ واٹمور کا بے مثال ریکارڈ انکی صلاحیتوں کا آئینہ دار ہے۔ مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم ایک سال سے عمدہ کارکردگی پیش کررہی ہے۔ پروفیشنل کوچ ڈیو واٹمور کے زیر نگرانی مزید عروج حاصل کرسکے گی۔