ڈیو واٹمور کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں:اقبال قاسم

iqbal qasim

iqbal qasim

لاہور : (جیو ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئر مین اقبال قاسم نے سلیکشن کمیٹی اور پاکستانی ٹیم کے غیر ملکی کوچ ڈیو واٹمور کے درمیان اختلافات پر مبنی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ ان کے اور ڈیو واٹمور کے درمیان کسی قسم کے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیو واٹمور نئے ہیں اور ہم طرح سے ان کی معاونت کر رہے ہیں۔

سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے بقول ڈیو واٹمور اب تک جن پاکستانی کھلاڑیوں سے نہیں ملے ہیں انہیں ان سے ملانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی کھلاڑیوں کے بارے میں معلومات بہتر ہو سکیں اور جب سلیکشن کمیٹی ڈیو واٹمور کے ساتھ مشاورت کرے تو انہیں معلوم ہو کہ ان کی کیا ترجیحات ہیں اور وہ صحیح طریقے سے مشورہ دے سکیں۔

اقبال قاسم نے کہا کہ جہاں تک محمد یوسف کی بات ہے ان کی پاکستان کے لیے بہت زیادہ خدمات ہیں اور وہ اچھے کھلاڑی ہیں لیکن انہوں نے پندرہ ماہ سے کرکٹ نہیں کھیلی ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں اس میں اچھی کارکردگی دکھائیں پھر انہیں ٹیم میں لینے کے بارے میں سوچا جا سکتا ہے۔
نامہ نگارکے مطابق محمد یوسف کے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ڈیو واٹمور کو سلیکشن کمیٹی کی لاعلمی میں فٹ نس ٹیسٹ دینے پر یہ چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں کہ ڈیو واٹمور سلیکشن کے معاملے میں اپنی مرضی کریں گے جو ان کے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کا سبب ہو سکتی ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اقبال قاسم نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سلیکشن کمیٹی اور کوچ کے درمیان بات چیت اور رابطہ رہنا چاہیے اس طرح دونوں کے درمیان کسی بھی اختلافات سے بچا جا سکتا ہے۔ اقبال قاسم نے کہا کہ اگر ڈیو واٹمور سلیکشن میں غیر ضروری مداخلت کریں گے تو وہ یہ بات نہ تو چھپائیں گے اور نہ ہی برداشت کریں گے کیونکہ ان کا کام کرنے کا اپنا طریقہ ہے لیکن ابھی تک سب کچھ بالکل ٹھیک ہے اور اگر انہوں نے کوئی مداخلت کرنے کی کوشش کی تو سب کو پتا چل جائے گا۔

اقبال قاسم نے کہا کہ سری لنکا کے دورے کے لیے قومی ٹیم کا اعلان دس سے بارہ مئی تک کر دیا جائے گا اور تینوں طرح کی کرکٹ کے لیے الگ ٹیمیں بنائے جانے کا بھی امکان ہے۔