چندر پال آئی سی سی درجہ بندی میں سرفہرست

chanderpaul

chanderpaul

ویسٹ انڈین : (جیو ڈیسک) ویسٹ انڈین بلے باز شیونرائن چندپال تقریباً تین برس کے عرصے کے بعد ایک مرتبہ پھر آئی سی سی کی ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین بلے بازوں کی درجہ بندی میں اول نمبر پر آ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میں دو نصف سنچریاں بنانے والے چندرپال کو اس ٹیسٹ سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ارسٹھ اور انہتر رنز کی ان اننگز کی بدولت ہی انہیں وہ انیس قیمتی پوائنٹس ملے جنہوں نے چندرپال کو دنیا کا نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز بنا دیا ہے۔

سینتیس سالہ چندرپال پہلی مرتبہ جولائی سنہ دو ہزار آٹھ میں آئی سی سی کی ٹیسٹ بلے بازوں کی درجہ بندی میں سرفہرست ہوئے تھے۔اس کے بعد سات ماہ تک وہ پہلی پوزیشن پر ہی فائز رہے اور فروری دو ہزار نو میں مختصر عرصے کے لیے انہیں یہ پوزیشن کھونا پڑی جسے انہوں نے جلد ہی دوبارہ حاصل کر لیا تھا۔ چندر پال کی اس پوزیشن سے اصل تنزلی مئی دو ہزار نو میں پاکستان کے یونس خان کے ہاتھوں ہوئی تھی اور اب تین برس بعد دوبارہ انہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں چندرپال کے بعد دوسرے اور تیسرے مقام پر بالترتیب جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز اور ژاک کیلس ہیں جبکہ پاکستان کے یونس خان چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز کی فہرست میں سب سے اوپر جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین ہیں جبکہ دوسرا نمبر پاکستان کے سعید اجمل کا ہے۔