کراچی : تینوں زون کے ڈی آئی جیز کو آئی جی کے شوکاز نوٹس

Fiyaz Leghari

Fiyaz Leghari

کراچی (جیوڈیسک)کراچی میں امن وامان کی ناقص صورتحال پر آئی جی سندھ نے تینوں زون کے ڈی آئی جیز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔آئی جی سندھ فیاض لغاری نے شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اعلی پولیس افسران پر برہمی کا اظہار کیا اور تینوں زون کے ڈی آئی جیز کو شو کاز نوٹس جاری کردیئے۔

آئی جی سندھ نے ڈی آئی جیز کو مراسلے میں تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سوال کیا کہ شہر میں حالات قابو کیوں نہیں کئے جا سکے۔ انہوں نے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر طاہر نوید کو شہر کی مجموعی صورتحال اور صورتحال بگاڑنے میں ملوث عناصر کی مکمل تفصیلات کے ساتھ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔