کراچی : مذہبی اسکالر اسلم شیخوپوری قاتلانہ حملے میں جاں بحق

karachi firing

karachi firing

کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی کے علاقے دھوراجی رنگون والا کے قریب کار پرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے مذہبی اسکالر اسلم شیخوپوری اور انکے ساتھی سفرین جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں دکانیں بند ہو گئیں ۔ جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے اسلم شیخوپوری کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے بہادر آباد میں رنگون والا ہال کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوارملزمان نے مذہبی اسکالر مولانا اسلم شیخ پوری کی کار پر فائرنگ کردی۔ کار میں مولانا اسلم شیخوپوری انکے ساتھی سفرین اور دو گارڈ ز شامل تھے۔ کار پر فائرنگ کے نتیجے میں مولانا اسلم شیخو پوری اور انکے ساتھی سفرین موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔جبکہ انکے دو گارڈز کو تشویشناک حالات میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ اتنا اچانک تھا کہ گارڈز کو جوابی حملے کا وقت نہ مل سکا۔

ذرائع کے مطابق مولانا اسلم شیخ پوری بہادر آباد کے علاقے سے درس میں شرکت کرکے واپس آرہے تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مولانا اسلم شیخ پوری کے شاگردوں سمیت مذہبی شخصیات کی بڑی تعداد جناح اسپتال پہنچ گئی۔ مولانا اسلم شیخو پوری کی عمر پچاس برس تھی۔ جبکہ وہ گلشن معمار کی مسجد توابین کے امام اور مدرسے کے مہتمم تھے۔ مولانا گذشتہ بیس برس سے درس وقرآن کے شعبے سے وابستہ تھے ۔انھوں نے سوگواروں میں دو بیوائیں، ایک بیٹی اور پانچ بیٹے چھوڑے ہیں ۔فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کاروبار بند ہو گیا۔ مولانا اسلم شیخو پوری کی تدفین کل کی جائے گی۔