کراچی :عازمین حج کی نجی ایئرلائنزسے حجاز مقدس روانگی شروع

First Hajj flight

First Hajj flight

کراچی سے عازمین حج کی نجی ایئرلائنز کے ذریعے حجاز مقدس روانگی شروع ہوگئی ہے۔پی آئی اے کی کراچی سے پہلی حج پرواز کل روانہ ہوگی۔آئندہ سال سے لاہور اور کراچی سے حج پروازیں حج ٹرمینل کی بجائے مرکزی ٹرمینل سے روانہ ہوں گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ائیرپورٹ سروسز آصف بشیر کے مطابق جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کے حج ٹرمینل سے پی آئی اے کی 25 ، شاہین ایرلائن کی 16 اور سعودی فضائی کمپنی ناس ائیر کی آٹھ پروازیں سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ کراچی کے حج ٹرمینل میں عازمین حج کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بریفنگ لاونچ میں کسٹمز ، اے این ایف اور ایف آئی اے کے کاونٹرز میں اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ عازمین حج کو طویل قطاروں میں نہ لگنا پڑے ، لانج میں مفت فون کی سہولت بھی موجود ہے لیکن سیکٹروں عازمین حج کیلئے صرف ایک ٹیلی فون ہے۔آصف بشیر کے مطابق آئندہ سال حج پروازیں حج ٹرمینلز کی بجائے کراچی کے جناح ٹرمینل اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مرکزی ٹرمینل سے روانہ ہوں گی۔ اس سے عازمین حج کو بین الاقوامی معیار کی سہولتیں حاصل ہوسکیں گی۔