کراچی: عباس ٹاون میں امام بارگاہ مصطفی کے قریب دھماکا،2 ہلاک

Karachi Blast

Karachi Blast

کراچی کراچی کے علاقے عباس ٹاون میں امام بارگاہ مصطفی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس میں2افراد جاں بحق اور 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ دھماکے کی شدت کے باعث ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ،زخمیوں میں ایک رینجرز اہلکار بھی شامل ہے ۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریب واقع عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ نمائندے کے مطابق دھماکے کے وقت ابوالحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاون کی امام بارگاہ مصطفی میں مجلس جا ری تھی۔ ذرائع کے مطابق دھماکا خیز مواد امام بارگاہ مصطفی کے قریب کھڑی موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جس پھٹنے سے قریب واقع دودھ کی دوکان تباہ ہو گئی۔زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی جس سے شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ علاقے میں دھماکے کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ دوسری جانب بم دھماکے کے بعد سول، جناح اور عباسی اسپتال سمیت کراچی کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔