کراچی : فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک

karachi firing

karachi firing

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں فائرنگ کے  مختلف واقعات میں دوافرادجان بحق اور پولیس اہلکارسمیت چار افراد زخمی۔ نیو کراچی میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے ایک شخص لقمہ اجل بنا اور خاتون زخمی ہوئی واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ٹرک کو آگ لگادی۔

پولیس کے مطابق گلبرگ کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ظہیر عباس نامی شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا،اورنگی ٹاون فقیر کالونی میں فائرنگ سے ندیم نامی نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

سپرہائی وے کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار محمد مٹھل زخمی ہوا،رات گئے بھی شہر میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد زخمی ہوئے۔

علی الصبح نیو کراچی اللہ والی اسٹاپ پر تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سوار بہن بھائی کو کچل دیا جس کے نتیجے میں بھائی نے موقع پر دم توڑ دیا جبکہ بہن شدید زخمی ہوئی واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ٹرک کو نذرآتش کردیا جس سے ٹرک کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ ڈرائیور کو عوام نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔