کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 9افراد جاں بحق

target killing

target killing

کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی میں آج صبح سے اب تک فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دہشت گردوں نے مزید نو گھر اجاڑ دیئے ۔ ٹارگٹ کلنگ کی تازہ واردات شاہ فیصل کالونی میں ہوئی۔ مقتول کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ اورنگی ٹاون نمبر10میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پچیس سالہ احمر عباس اور تئیس سالہ رضا مہدی کو موت کی گھاٹ اتار دیا۔ مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ۔

گلبرگ تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے سینئر سول جج سید ظہیر احمد زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کیلئے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا. اسپتال ذرائع کے مطابق سید ظہیر احمد کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔

لیاری کے علاقے ٹمبر مارکیٹ سے دو افراد کی بوری بند لاشیں ملیں، جن میں سے ایک کی شناخت فرحان اور دوسرے کی شناخت عبدالرحمان بلوچ کے نام سے ہوئی دونوں لیاقت آباد انگارہ گوٹھ کے رہائیشی تھے۔ مقتول فرحان انکم ٹیکس کا ملازم جبکہ عبدالرحمان ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا ملازم تھا۔ شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔جس کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے اور واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے ۔

لیاری ندی سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ ماڈل کالونی کے علاقے میں خاتون فائرنگ سے ہلاک ہوگئی، پولیس کے مطابق مزاحمت پر خاتون زخمی ہوئی جو دوران علاج جاں بحق ہوگئی۔