کراچی میں بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ آپریشن ہو گا: شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

کراچی(جیوڈیسک)وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے اندرون سندھ سے تمام اضافی پولیس فورس کراچی بلانے کی ہدایت کر دی۔ شرجیل میمن کہتے ہیں کہ کراچی میں امن و امان کی خرابی کی ذمہ دار کالعدم تنظیمیں اور طالبان ہیں۔

امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر وزیراعلی قائم علی شاہ کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ وزیراعلی نے امن وامان کی بحالی کے لیے سخت اقدامات کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ سے تمام اضلاع کی اضافی پولیس فورس کراچی بلائی جائے اور شورش زدہ علاقوں کو دہشت گردوں، قاتلوں اور مجرموں سے پاک کیا جائے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کراچی میں انتخابات التوا چاہتے ہیں۔ امن قائم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ آپریشن ہو گا۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر مزید پولیس چوکیاں بنائی جا رہی ہیں۔