کراچی میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں مزید چار افراد جاں بحق

Target killing

Target killing

کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں مزید چارافراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ رسالہ تھانے پر دستی بم حملے میں چار افراد زخمی ہوئے ،رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔رات گئے لیاقت آباد تین ہٹی کے قریب نامعلوم افرادنے محمد حنیف نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، اورنگی ٹاون میں پاکستان بازارتھانے کی حدود میں فائرنگ سے ابولبشر جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوا ۔ دونوں کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ آرام باغ فرنیچر مارکیٹ کے قریب ایک شخص کو گولیاں مار کرقتل کردیا گیا، لیاری کے علاقے بغدادی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔

رسالہ تھانے پر دیسی ساختہ بم حملے میں تین پولیس اہلکار رحیم ، نویداور برکت اورایک ہوٹل کا ملازم طارق زخمی ہوا ۔ جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ قصبہ کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، دوسری جانب رینجرز نے دھوبی گھاٹ ،بادشاہی محلہ،غوث آباد،محمود آباد ،خان گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔