کراچی چڑیا گھر میں نایاب نسل کے سفید شیر کی جوڑی کیلئے شیشے کے گھر کی تیاری

white tiger

white tiger

کراچی( جیو ڈیسک )پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کراچی کے چڑیا گھر میں نایاب نسل کے سفید شیر کی جوڑی کیلئے شیشے کے گھر کی تیاری شروع کردی گئی ہے جس کیلئے خصوصی ایکریلک گلاس استعمال کیا جارہا ہے، دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح عنقریب کراچی کے شہری بھی آر پار دکھانے والی شیشے کی دیوار کے دوسری طرف خوبصورت اور نایاب نسل کے سفید شیروں کو اپنے سامنے دیکھ کر ایک نئے اور منفرد تجربے سے گزریں گے۔

واضح رہے کہ کراچی چڑیا گھر کیلئے حاصل کئے جانے والے میں آنے والے نئے سفید شیر کی جوڑی جولائی کے وسط تک کراچی پہنچ جائے گی اس طرح برصغیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی چڑیا گھر میں شیروںکو رکھنے کیلئے شیشے کا گھر تیار کیا جارہا ہے جس کے دوسری جانب کھڑے لوگ جنگل کے بادشاہ کو اپنے بالکل قریب اور عین سامنے پائیں گے ، یورپ اور ترقی یافتہ ممالک کے چڑیا گھروں میں اگرچہ اب جانوروں اور دیگر آبی مخلوق کو ٹرانسپیرنٹ شیشے کے کمروں میں رکھنا عام سی بات ہے تاہم بہت جلد اس شعبے میں کراچی چڑیا گھر برصغیر کے دیگر چڑیا گھروں سے بازی لے جائے گا جہاں جانوروں کیلئے شیشے کے پنجرے تعمیر کئے جارہے ہیں جبکہ سفید شیروں کی جوڑی بھی پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی چڑیا گھر میں لائی جارہی ہے۔

ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ کراچی محمد حسین سید کی خصوصی ہدایت پر کراچی چڑیا گھر کو خوبصورت ، جدید اور بہترین تفریح گاہ بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن میں چڑیا گھر میں پہلے سے دستیاب سہولیات بشمول مغل گارڈن، ممتاز محل، کشتی رانی اور تاریخی فوارے کی بحالی سمیت پہلی مرتبہ چڑیا گھر میں زولوجی ، بوٹنی کی بک شاپ اور گفٹ شاپ کی تعمیر بھی شامل ہے ۔ان اقدامات کے نتیجے میں کراچی کا چڑیا گھرمقامی شہریوں اور دیگر شہروں اورممالک سے آنے والے سیاحوں اور مہمانوں کیلئے ایک بہترین تفریح گاہ بن چکا ہے جس کی اہمیت اور افادیت روز بروز بڑھ رہی ہے۔