کراچی : ڈالمیا میں پیٹرول پمپ پر کھڑی گاڑی میں دھماکہ ، ایک شخص ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے ڈالمیا میں پیٹرول پمپ پر کھڑی گاڑی میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص مبینہ دہشت گرد تھا۔ گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی جعلی نکلی۔

رات گئے ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے ابتدائی طور اسے سلنڈر دھماکا قرار دیا تاہم بعد میں اسے دہشت گردی کی کارروائی قرار دے دیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اہلکار عابد فاروق کے مطابق دو سے ڈھائی کلو دھماکا خیز مواد گاڑی کے پچھلے حصے میں رکھا گیا تھا۔ ہلاک ہونے والے شخص نے بم ڈیوائس کو لگانے کی کوشش کی جس کے دوران دھماکا ہو گیا۔ تباہ ہونے والی گاڑی میں گیس سلنڈر نہیں تھا۔

گاڑی میں دالیں اور گھریلو سامان بھی پڑا ہوا تھا۔ دھماکے میں کرولا گاڑی استعمال کی گئی جس کی نمبر پلیٹ اور رجسٹریشن بک بھی جعلی نکلی ہے۔ ہلاک ہونے والے شخص کی لاش جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

دھماکے کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی۔ پولیس اور تحقیقاتی ادارے ہلاک ہونے والے مشتبہ دہشت گرد کی شناخت کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔