کراچی : کورنگی میں پولیس پر فائرنگ چار ہلاک چالیس زخمی

Karachi Police

Karachi Police

کراچی کے علاقے چکرا گوٹھ میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے 4 کمانڈوز ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکار سادہ لباس میں ملبوس تھے اور ان کا تعلق ایلیٹ فورس سے بتایا جا رہا ہے۔
تمام پولیس اہلکار عام سی ایک گاڑی میں سوار تھے ۔ ان کی کل تعداد 50بتائی جا رہی ہے۔ اہلکاروں کو کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ منتقل کیا جارہا تھا جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان اہلکاروں نے صورتحال پر قابو پانا تھا۔ تاہم مقررہ منزل پر پہنچنے سے قبل ہی نامعلوم افراد نے گاڑی پر چاروں طرف سے فائرنگ کر دی جس سے چار پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔ زخمیوں میں ڈی ایس پی قائد آباد بھی شامل ہیں۔
واقعہ جمعہ کو رات گئے پیش آیا۔ واقعہ سے کچھ گھنٹوں پہلے ہی چکرا گوٹھ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی اور نامعلوم افراد کی جانب سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔ نو بجے کے آس پاس فائرنگ بند ہوگئی تھی مگر کچھ گھنٹوں بعد یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ فائرنگ کے ساتھ ساتھ کورنگی نمبر ڈھائی پر امسلح افراد کی جانب سے یک شخص کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔ فائرنگ کے بعد مشتعل افراد نے مختلف گاڑیوں کو آگ لگا دی اور جلاو گھیراو شروع کر دیا۔
کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی تھی۔ ایلیٹ فورس کے پچاس نوجوان علاقے میں کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے طلب کئے گئے تاہم درمیان میں ہی فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ سے گاڑی بری طرح چھلنی ہوگئی۔ کئی پولیس اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔