کرسمس کے موقع پر مسیحی بستیوں اور عبادت گاہوں کے اطراف تجاوزات اور پارکنگ پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔نشاط ضیاء قادری

کراچی : شاہ فیصل ٹائون میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مسیحی بستیوں اور عبادت گاہوں سمیت مختلف یونین کونسل میں شاہراہوں سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران سینکڑوں تجاوزات ،غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کا خاتمہ کرکے شاہ فیصل ٹائون میں کرسمس کے موقع پر مسیحی عوام کو فول پروف سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں کے اطراف تجاوزات اور پارکنگ پر پابندی عائدکرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹائون کمال مصطفی اور متعلقہ افسران کے ہمراہ کرسمس کے حوالے سے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل کی جانب سے جاری انتظامات کے معائنے کے لئے شاہ فیصل ٹائون میں قائم مختلف گرجا گھرون اور مسیحی بستیوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ٹائون آفیسر انفرا اسلم پرویز ،ڈپٹی ٹائون آفیسر انفارمیشن محمد ارشد بھی موجود تھے نشاط محمد ضیاء قادری نے دورے کے دوران مسیحی عبادت گاہوں اور بستیوں کے اطراف صفائی و ستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری اور حفاظتی انتظامات اور عوامی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے جاری مہم کا بھی معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے TMAشاہ فیصل کی جانب سے کرسمس کے موقع پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوامی جان و مال کے تحفظ پر مامور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہاہے کہ وہ کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں کے اطراف خصوصی حفاظتی انتظامات کو یقینی بنا ئیں نشاط ضیاء قادری نے TMAشاہ فیصل کے متعلقہ محکمے کے افسران و ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں کے اطراف تجاوزات کے قیام اور گاڑیوں کے پارکنگ پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اس موقع پر مسیحی رہنمائوں اور عوام نے کرسمس کے موقع پر بنیادی علاقائی سہولیات کی فراہمی پر حق پرست قیادت اور ٹائون انتظامیہ شاہ فیصل کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹائون کمال مصطفی نے کہاکہ کرسمس کے موقع پر مسیحی عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کے لئے شب روز خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جارہا ہے انہوں نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی کو تجاوزات کے خلاف جاری مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتا یا کہ شاہ فیصل ٹائون میں عبادت گاہوں ،شاہراہوں سے تجاوزات غیر قانونی تعمیرات اور شاہراہوں سے غیر قانونی گاڑیوں کی پارکنگ اور اسٹینڈز کا خاتمہ کیا جارہا ہے مختلف یونین کونسل میں اہم شاہراہوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے ٹریفک کے نظام کو بہتر اور عوامی سہولیات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔