کرکٹ کھلاڑی یوراج سنگھ کو کینسر ہے

yuvraj singh

yuvraj singh

بھارت کے معروف کرکٹ کھلاڑی یوراج سنگھ کینسر کی بیماری میں مبتلا ہیں اور آج کل امریکہ میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ اس سے پہلے ان کے اہل خانہ نے کہا تھا کہ ان کے پھیپھڑے میں ٹیومر ہے۔
ڈاکٹروں نے اب تصدیق کی ہے کہ انہیں کینسر والا ٹیومر ہے لیکن وہ قابل علاج ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق یوراج سنگھ امریکہ میں بوسٹن کے کینسر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں زیرِ علاج ہیں جہاں ان کی کیمیو تھیرپی کی جارہی ہے۔یواراج سنگھ کے فیزیو تھیرپسٹ جتن چوہدھری کا کہنا ہے کہ یوراج کا کینسر ابتدائی مراحل میں ہے اور انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ جلد ہی صحت یاب ہوجائیں گے اور آئندہ مئی تک کرکٹ کے لیے فٹ ہونے کا بھی امکان ہے۔جتن چودھری کا کہنا تھا یہ ایک نایاب کینسر والا ٹیومر ہے لیکن پہلے ہی سٹیج پر اس کی تشحیض کر لی گئی۔
ڈاکٹروں کو یہ فیصلہ کرنا تھا کہ اس کی دوا جاری رکھی جائے یا پھر کیمیو تھیرپی کی جائے۔ ٹیومر کا بعض حصہ ان کی قلب کی رگوں کے پاس ہی ہے اس لیے اس بات کا خطرہ تھا کہ وہ پھٹ بھی سکتا ہے تاہم وہ سو فیصد قابل علاج ہے۔جتن چودھری نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں نے غور و فکر کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ انہیں کیمیو تھیرپی کے لیے امریکہ جانا چاہیے اور چھبیس جنوری کو وہ امریکہ کے لیے روانہ ہوگئے۔جتن چوہدھری کا کہنا تھا کہ ابتدا میں کینسر کی تشخیض نہیں ہو پائی اور اس تاخیر میں ایک بھارتی ہسپتال کی غلطی ہے۔
یوراج سنگھ بھارت کی ون ڈے ٹیم کے دھماکے دار بلے باز ہیں جنہیں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازہ گیا تھا۔انہوں نے دو سو چوہتر ونڈے میچز کھیل کر بتیس اعشاریہ باسٹھ کی اوسط سے آٹھ ہزار اکاون رنز بنائے ہیں۔یوراج سنگھ نے بھارت کی طرف سے سینتیس ٹیسٹ میچ بھی کھیلے ہیں اور ایک ہزار پچھہتر رن بنائے ہیں۔