کشمیر کا مسئلہ عوامی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، بان کی مون

ban ki moon

ban ki moon

اقوام متحدہ : (جیو ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش جاری رکھیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل عوامی امنگوں کے مطابق کیا جائے۔نئی دہلی آمد پر بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنہ اور بھارت کے وزیراعظم من موہن سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا بھارتی رہنماں سے عالمی اور علاقائی مسائل کے ساتھ پاکستان سے تعلقات سمیت تمام تنازعات پر بات چیت ہوئی۔ بان کی مون نے کہاکہ دونوں ملکوں کی جانب سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ امید ہے پاکستان اور بھارت تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔

ممبئی حملوں کے متعلق سوال پر بان مون کا کہنا تھا دہشتگردی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا اور حملہ آوروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے پاکستان اور بھارت کوشش کررہے ہیں۔ کشمیر کے متعلق سوال پر بان کی مون کا کہنا تھا انہیں توقع ہے کہ کشمیر کا مسئلہ بغیر تشدد اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ بان کی مون کی آمد پر سکھوں نے انیس سو چوراسی میں فسادات کے دوران چار ہزار کے قریب سکھ مارے جانے پر احتجاج کیا۔ اکتیس اکتوبر انیس سو چوراسی کو ایک سکھ محافظ نے اس وقت کی بھارتی وزیراعظم اندراگاندہی کو قتل کیا تھا۔ جس کے بعد بھارت بھر میں سکھوں کے خلاف تشدد شروع ہوگیا تھا۔