کوئٹہ : زیر زمین چھپایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کے نواحی علاقے سے زیر زمین چھپایا گیا بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، برآمد کردہ اسلحے میں دہشت گردی کی کارروائی میں گزشتہ ہفتے جاں بحق پولیس اہلکاروں سے چھینا گیا اسلحہ بھی شامل ہے۔ پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر ایک خالی پلاٹ پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران پولیس نے زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔

جس میں کلاشنکوفیں ، نائن ایم ایم، ٹی ٹی پسٹل ، دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا۔ اسلحہ میں ایک ہفتہ قبل سریاب روڈ پر دہشت گردی کی کارروائی میں فائرنگ سے 4پولیس اہلکاروں سے چھینا گیا اسلحہ بھی شامل ہے۔

واقعے میں نامعلوم افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں چاروں پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔ سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود کا کہنا تھا کہ کارروائی میں کوئی گرفتاری تو عمل میں نہیں آئی تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے اور اس حوالے سے مشتبہ افراد کے نام صیغہ راز میں رکھے جا رہے ہیں۔