گجرات کے خبریں 3.02.2013

جامعہ عائشہ مدینة العلوم شاہین کالونی شاہین چوک گجرات میں سالانہ خواتین کی محفل میلاد منعقد ہوئی

گجرات (ضیاء سیدسے)جامعہ عائشہ مدینة العلوم شاہین کالونی شاہین چوک گجرات میں سالانہ خواتین کی محفل میلاد منعقد ہوئی ، جس میں ضلع بھر سے خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ مختلف دینی مدرسوں سے تعلق رکھنے والی طالبات نے مقابلہ حسن نعت و قرات میں حصہ لیا ، کامیاب قرار دینے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے ، محفل میلاد کی صدارت جامعہ کی پرنسپل مس آسیہ نے کی جبکہ مہمانا نِ خصوصی میں سائرہ امتیاز سید ، ڈاکٹر تسنیم کوثر ، ڈاکٹر شاہدہ تارڑ ، روبینہ خالد ، پروین عزیز اور دیگر شامل تھیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ووڈ ورکرز سنٹر کے ریفرنڈ میں پیرزادہ امتیاز سید پینل بازی لے گیا
گجرات (ضیاء سیدسے) ووڈ ورکرز سنٹر گجرات کے ریفرنڈ میں پیرزادہ امتیاز سید پینل بازی لے گیا ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ووڈ ورکنگ سنٹر سمال انڈسٹریل اسٹیٹ گجرات میں ریفرنڈم منعقد ہوا ، جس میں جماعت اسلامی کی حمایت یافتہ اتفاق ورکرز یونین اور APFUTUکی حمایت یافتہ اتحاد ورکرز یونین کے درمیان CBAکے حصول کیلئے کانٹے دار مقابلہ منعقدہوا ، جس کا اہتمام محکمہ لیبر گجرات نے کیا تھا ، ریفرنڈم صبح دس بجے شروع ہوا اور 2 بجے دوپہر اختتام پذیر ہوا ، جس میں APFUTUکے پیرزادہ امتیاز سید گروپ کی اتحاد ورکرز یونین نے میدان مار لیا ،جبکہ جماعت اسلامی کی حمایت یافتہ یونین اتفاق ورکرز یونین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ، الیکشن آفیسر کے فرائض لیبر آفیسر طاہر محمود اور شہزاد نے سرانجام دئیے ، ورکروں میں انتہائی جوش و خروش پایا گیا ، جوں ہی نتائج کا اعلان ہوا تو ورکروں نے کامیاب ہونے والے عہدیداروں کوکندوں پر اٹھا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا ، کامیاب یونین کو مبارک باد دینے کیلئے آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کے مرکزی جنرل سیکرٹری پیرزادہ امتیاز سید ، پاک ایمپلائز یونین ٹی ایم اے کے صدر فراست حسین ڈار ، جنرل سیکرٹری مرزا شاہد رشید پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان کے حق میں نعرے بازی کی گئی ، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے ، بینڈ باجے کے ساتھ وفد کو جی ٹی روڈ سے ووڈ ورکنگ سنٹر تک لایا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع گجرات کے وفاقی وزراء نے پانچ سالوں میں ووٹروں کیلئے کچھ نہیں کیا :شیخ عمر اعجاز
گجرات (ضیاء سیدسے)پاکستان مسلم لیگ حلقہ پی پی 112کے راہنما شیخ عمر اعجاز نے کہا جمہوریت کے دعوے دار، اتحادیوں نے گزشتہ پانچ سالوں میں ضلع گجرات میں کسی قسم کے ترقیاتی کام نہیں کروائے اور نہ ہی روزگار کے مواقعے فراہم کیے گئے ، ضلع گجرات کے حصہ میں وفاقی حکومت میں اہم وزارتیں آئیں ، لیکن پھر بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے لیڈران نے ضلع گجرات کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے ، آئندہ عام انتخابات میں ضلع کے باشعور ووٹرز انہیں یہ بآور کروا دینگے کہ اتحادیوں نے پانچ سال تک اقتدار میں مزے تو لوٹے ہیں لیکن عوام سے بنیادی سہولیات تک چھین لی گئیں ، اور نہ صرف پارٹی ورکروں بلکہ عہدیداروں سے بھی لیڈران نے منہ موڑے رکھا ، لیڈران کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگنے گئے اور کس منہ سے آج کل التجا کر رہے ہیں کہ پارٹی عہدیدار ، ورکر اور ووٹرز انتخابی عمل کیلئے اپنی کوششیں شروع کر دیں ، اور ہمیں کامیاب کروائیں ، کامیابی پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کا مقدر بن چکی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
APFUTUکے زیر اہتمام 8فروری کو لیبر کنونشن ہو گا

گجرات (ضیاء سیدسے) APFUTUکے زیر اہتمام 8فروری کو لیبر کنونشن ہو گا ، تفصیلات کے مطابق آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال گجرات میں 8فروری بروز جمعتہ المبارک دن دو بجے لیبر کنونشن منعقد ہو گا ، جس کی صدارت مزدور راہنما پیرزاد امتیاز سید کرینگے ، جبکہ مہمانانِ خصوصی ڈی سی او گجرات نوازش علی ، اور ڈی پی او راجہ بشارت ہونگے ، کنونشن کا مقصد ٹی ایم اے ریفرنڈم میں کامیاب ہونے والی پاک ایمپلائز یونین ٹی ایم اے گجرات اور اتحاد ورکرز ووڈ ورکرز سنٹر گجرات کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنا ہے ، اور جیتنے والی لیبر یونینز کو خراج تحسین پیش کرنا ہے کہ انہوںنے بہتر انداز میں کام کیا اور مزدوروں کے حقوق کیلئے عملی طور پر اقدامات کیے اور آواز بلند کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔