گوجرانوالہ: عمارت گرنے سے دو بچے جاں بحق

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ: (جیو ڈیسک) ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے بیسمنٹ میں گیس کمپریسر پھٹنے سے دھماکے سے زیر تعمیر تیسری منزل گر گئی ہے، جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ملبے کے نیچے دبے سات افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ دیگر افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع شاپنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں رکھے گیس سلنڈرمیں اچانک دھماکا ہوا۔ جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی اور زیر تعمیر عمارت کا کافی حصہ گر گیا۔

عمارت کا ایک حصہ گرنے سے پلازہ میں موجود کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کی ٹیموں کو علاقے میں طلب کرلیا گیا۔ عمارت کے ملبے کے نیچے دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ باہر نکالے گئے سات زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی مدد کیلئے جائے وقوعہ پر موجود ہے۔