گوجرانوالہ کی حبریں 2013.01.13

تحریک انصاف کے سینئر رہنما حلقہ پی پی 94 بیرسٹر عادل سلیم خاں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا منشور آئین اور قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہے

گوجرانوالہ (جی پی آئی)تحریک انصاف کے سینئر رہنما حلقہ پی پی 94 بیرسٹر عادل سلیم خاں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا منشور آئین اور قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہے،ملک کو صحیح معنوں میں ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے کے لئے تحریک انصاف میدان عمل میں آ چکی ہے اب کوئی اس کا راستہ نہیں روک سکتا، عمران خان ہی ملک کی کشتی کو گرداب سے نکالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیٹلائیٹ ٹائون میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر عادل سلیم خاں کا کہنا تھا کہ عوام بیدار ہو چکے ہیں اور عمران خان کی کال پر ملک گیر تبدیلی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مسائل کا فوری طور پر شفاف انتخابات میں مضمر ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ الیکشن میں عوام ووٹ کے ذریعے مخلص اور اہل قیادت کو آگے لائیں تاکہ ملک کو کرپٹ سیاستدانوں کے چنگل سے آزاد کروایا جا سکے۔ اس موقع پر شیخ محمد عارف، حافظ لئیق خاں، ندیم خان، شیخ طارق، محمد جاوید ویگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہمارا دین ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے ،یوتھ ونگ خالد پرویز ڈار

گوجرانوالہ (جی پی آئی) سٹی نائب صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ خالد پرویز ڈار نے کوئٹہ اور سوات کے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوئی موثر حکمت عملی اپنانے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے اور ملک کو لاقانونیت کے چنگل میں دید یا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے ہاں صبح و شام بے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے اور ریاست خاموشی سے یہ تماشا دیکھ رہی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے ان دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کے سر شرم سے جھکے ہوئے ہیں، ایسی قتل و غارت گری تو جنگلوں میں بھی نہیں ہوتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی کے راہنمائوں حافظ حمید الدین اعوان اور چودھری شاہد منیر گوندل نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی فرقہ واریت نہیں

گوجرانوالہ (جی پی آئی) جماعت اسلامی کے راہنمائوں حافظ حمید الدین اعوان اور چودھری شاہد منیر گوندل نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی فرقہ واریت نہیں، اپنی ناکامی چھپانے کیلئے حیلے بہانوں کا سہارا لیا جارہاہے جوکہ ذمہ داروں کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ریاستی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں جبکہ عوام کو اصل حقائق سے بھی آگاہ نہیں کیا جا رہا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈاکٹر اقبال تبسم، ادریس ناز، احسان اﷲ وڑائچ، ملک محمد یوسف، ملک امانت، ملک مشتاق سلطانی، غلام عباس، وقار مہر، سلمان مہر، اشتیاق مغل، سجاد حسین بٹ، فخر مہر، چودھری شبیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ چودھری شاہد منیر گوندل نے اپنے خطاب میں محمد آباد کو ترقیاتی سکیموں میں نظرانداز کرنے پر برسراقتدار جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم اہل علاقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔